'انتخابات پرامن اور شفاف ہوئے، دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی'

Last Updated On 26 July,2018 09:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں انتخابات پرامن اور شفاف ہوئے، دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی گفتگو، کسی بھی حلقے کو دیکھ لیا جائے، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوئے، پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک جاری رہا۔ قانون کے مطابق فارم 45 کی کاپیاں امیدواروں کو دی گئی تھی، جن کو نہیں ملیں انہیں مہیا کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر شکایات سست روی کے حوالے سے تھی، میڈیا کو داخلہ نہ ملنے کے حوالے سے بھی شکایات آئیں۔ پچھلے الیکشن میں رزلٹ آنے میں 3 دن لگے، دنیا بھر میں الیکشن کا اعلان ہونے میں اتنا ہی وقت لگتا ہے۔ آرٹی ایس سسٹم نے جس طرح کام کرنا تھا نہیں کیا، آرٹی ایس کے حوالے سے نتائج میں دیر ہوئیں۔ کسی قسم کی دھاندلی کے حوالے سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔ ایک ویڈیو دکھائی جارہی ہے وہ پرانے انتخاب کی ہے۔

بابر یعقوب کا مزید کہنا تھا کہ مکمل اطیمنان ہے، الیکشن شفاف ہوا۔ فوج کی طرف سے سیکیورٹی مثالی رہی، فوج کے جوانوں کا پولنگ اسٹیشن کے اندر رویہ بھی مثالی رہا۔ تمام اداروں کے شکر گزار ہیں، 24 گھنٹے کے اندر دنیا کے پانچویں بڑے الیکشن کا رزلٹ آرہا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 82 فیصد رزلٹ ہمارے پاس آچکے ہیں۔ ریٹرننگ افسران 90 فیصد کا اعلان کرچکے ہیں۔ پنجاب کی 141 میں سے 120 کا رزلٹ آچکا ہے۔ سندھ کی نیشنل اسمبلی کے 42 حلقوں کا رزلٹ مل چکا ہے۔ بلوچستان میں 16 میں سے7 نیشنل اسمبلی کا رزلٹ مل چکا ہے۔ رزلٹ ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کردیے ہیں، اصل رزلٹ وہی ہے جو الیکشن کمیشن جاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اپنے خیال کے مطابق ٹرن آؤٹ 55 فیصد سے زائد رہا۔

مسلم لیگ ن کی شکایت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کی شکایات پر تینوں ڈی آراو سے تفصیل سے بات کی تھی، تینوں ڈی آراو نے کہا کسی امیدوار نے فارم 45 بارے شکایات نہیں کی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو پیغام دیا کہ شفاف الیکشن کروایا ہے، کسی بھی حلقے کو دیکھ لیا جائے، ہمیں کوئی ایشو نہیں ہے۔