اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے طلال چودھری کی سزا پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا قوم سب دیکھ رہی ہے، اس بار الیکشن میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹے، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو تقویت ملی۔
اڈیالہ جیل کے باہر احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اس الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے، تمام جماعتیں ہی دھاندلی کا رونا رو رہی ہیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو تقویت ملی تو ہم لوگ اسمبلیوں میں پہنچے ہیں۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے ن لیگ کے رہنما طلال چودھری کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دیا۔ لیگی رہنما کو عدالت برخاست ہونے تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
طلال چودھری توہین عدالت کیس کا فیصلہ 11 جولائی کو محفوظ کیا گیا تھا، لیگی رہنما نے ایک ریلی کے دوران سپریم کورٹ کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیئے تھے۔ طلال چودھری پر 15 مارچ کو فرد جرم عائد کی گئی۔
اس سے قبل 28 جون کو مسلم لیگ ن کے دانیال عزیز کو توہین عدالت کے جرم میں پانچ سال کے لئےنا اہل کیا گیا تھا۔ یکم فروری 2018 کو نہال ہاشمی کو بھی سزا سنائی گئی تھی۔