اسلام آباد: (دنیا نیوز ) سربراہ بی این پی اختر مینگل نے پی ٹی آئی کی حکومت میں شمولیت کیلئے مطالبات پیش کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی جماعتوں کے ڈسے ہوئے ہیں، دیکھ بھال کر فیصلہ کریں گے۔
سردار اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یارمحمد رند اور نعیم الحق کے آنے پر مشکور ہیں، تحریک انصاف کی خواہش ہے ہم سیاسی اتحاد میں شامل ہوں، ہماری خواہش ہے ہم بھی اپنے لوگوں کے مینڈیٹ کو اسمبلیوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا ہم مطالبات پورے ہونے کی مکمل یقین دہانی پر ہی حمایت کریںگے، اے پی سی کیلئے دعوت نہیں دی گئی، اے پی سی میں مدعو کیا گیا تو ہم جا کر اپنے مسائل انکے سامنے رکھیں گے۔
سربراہ بی این پی نے مزید کہا کہ ہم اپنے اصولوں پر قائم ہیں اور ہماری پارٹی کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں، ہم اپوزیشن میں اگر بیٹھے تو مشترکہ طور پر بیٹھیں گے، ہمارے مطالبات کو جو بھی تسلیم کرتا ہے ہم اسکا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی کے نعیم الحق اور یار محمد رند نے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے مینگل کی عمران خان سے جلد ملاقات کی امید کا اظہار کیا۔ نعیم الحق نے کہا اختر مینگل کیساتھ ملاقات خوشگوار رہی، عمران خان ملک کے وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، سردار مینگل نے جو مطالبات ہمارے سامنے رکھے وہ نئے ہیں۔ انہوں نے کہا سردار مینگل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عمران خان واحد وزیراعظم ہوں گے جو بلوچستان کو اس کا حق دیں گے۔