اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 60 راولپنڈی میں قانون کے مطابق الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ شیخ رشید نے الیکشن التواء کیخلاف درخواست واپس لے لی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این اے 60 راولپنڈی کا الیکشن ملتوی کیے جانے کیخلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر شیخ رشید نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی اور کہا کہ وہ عدالت پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تاثر ہے کہ جسٹس ثاقب نثار شیخ رشید کا ساتھ دیتا ہے۔ شیخ رشید بولے چیف جسٹس نے قوم پر بڑا احسان کیا ہے، انکی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سرابرہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم تبدیلی چاہتی ہے، عمران خان ہی ڈلیور کر سکتے ہیں، این اے 60 سے راشد شفیق ہماری طرف سے الیکشن لڑیں گے، میرے مد مقابل امیدواروں میں سے ایک نا اہل ہوا، دوسرا بیٹھ گیا۔ انہوں نے کہا یہ فیصلہ عمران خان کریں گے وہ قلم دوات سے الیکشن لڑیں یا بلے کے نشان سے، جو عمران خان کا فیصلہ ہے وہ قوم کا فیصلہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کے تینوں صوبوں میں پی ٹی آئی حکومت بنا رہی ہے، عوام نے عمران خان پر پورا اعتماد کیا ہے، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا چودھری نثار کے بعد میں سب سے سینیئر پارلیمنٹرین ہوں، مجھے مناسب نہیں لگتا کہ عمران خان سے وزارت مانگو۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا نالہ لئی شروع ہوگا، نالہ لئی کے گردونواح کوئی غریب اپنی جائیدادیں نہ بیچے، نالہ لئی کے گردونواح میں پلازے بنیں گے، راولپنڈی کے کسی ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہیں ہے۔