اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) دھاندلی کے بارے میں مولانا فضل الرحمن کے موقف میں کھلا تضاد منظر عام پر آ گیا۔
نجی ٹی وی نے مولانا کا تین سال پرانا بیان نشر کر دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی دھاندلی کی وجہ سے انتخابات رد نہیں کئے جاتے۔ مگر حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کل جماعتی کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ یہ عوام کا مینڈیٹ نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمن وہی سیاستدان ہیں جو دھاندلی کی بنیاد پر انتخابی نتائج مسترد کرنے کے خلاف تھے ۔