الیکشن نتائج: ن لیگ نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 29 July,2018 11:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے الیکشن نتائج پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا، شہباز شریف کہتے ہیں تمام تر مشکلات کے باوجود (ن) لیگ پنجاب میں سب سے بڑی جماعت ثابت ہوئی۔

لاہور 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی اہم بیٹھک ہوئی۔ خواجہ آصف نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کے معاملے پر نان پی سی او ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والا الیکشن متنازع ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمیں شدید تحفظات ہیں، اسمبلیوں میں جانے کا فیصلہ کل اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد کریں گے۔

اجلاس میں پارلیمانی پارٹی اور مرکزی مجلس عاملہ کے اکثریتی اراکین نے رائے دی کہ اسمبلیوں میں جا کر حلف ضرور اٹھائیں۔ شہباز شریف نے قرار دیا کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی پنجاب کی ایک بڑی جماعت ثابت ہوئی ہے۔