صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا

Last Updated On 26 July,2018 08:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دھاندلی اور کمروں میں کنڈیاں لگا کر فارم 45 بدلنے کا الزام، لیگی رہنماؤں کی دہائیاں، ن لیگ نے انتخابی نتائج مسترد کر دیے۔ پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا الیکشن کمیشن کو تمام سوالوں کا جواب دینا ہوگا۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے حالیہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کا مفاد سامنے رکھتے ہوئے تحمل سے کام لیا۔ آج جو کیا گیا وہ 30 سالوں میں کبھی نہیں ہوا۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا، کئی جگہوں سے شکایات آئیں کہ فارم 45 نہیں دیا جا رہا۔ پولنگ کے بعد کی صورت حال اپنے سیاسی کریئر میں نہیں دیکھی، ووٹرز کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کی درخواست کی تاہم وہ بھی قبول نہیں کی گئی۔