بند کمروں میں ملک کا مینڈیٹ چوری کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

Last Updated On 25 July,2018 11:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے الیکشن کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں ہمارے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے نکال کر کیا تبدیلی کی جا رہی ہے۔ مصدق ملک نے بھی سوال اٹھا دیا کہ فارم 45 پر اگر دستخط ہی نہیں تو نتائج کیسے جاری ہو رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات ہیں۔ ہمارے حلقوں میں پولنگ سٹیشنز پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا۔ ملک کا مینڈیٹ چوری کیا جا رہا ہے، مصنوعی نتیجے مسلم لیگ ن کو قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فارم 45 میں کیا تبدیلی کی جا رہی ہے۔ ایسا کیا ہے جو بند کمروں میں ہو رہا ہے اور پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہوگا، فارم 45 ہمارے حوالے کیے جائیں۔

مصدق ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کے حلقے میں 262 پولنگ سٹیشنز ہیں لیکن صرف 12 فارم 45 ہمیں دیے گئے۔ پرویز ملک کی یوسی کے نتائج روک لیے گئے ہیں۔ ڈی جی خان اور اسلام آباد کے تمام پولنگ سٹیشنز سے فارم 45 روکے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راناثناءاللہ کے 90 فیصد پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا۔ فارم 45 پرہمارے دستخط ہیں تو میڈیا پر آنیوالے نتائج کیا ہیں الیکشن کمیشن اس بات کا جواب دے۔