لاہور: (دنیا نیوز) پانچ سال بعد آنے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز پُرجوش، کہیں دلہا پولنگ سٹیشن چلا گیا، کہیں دلہن رخصتی سے پہلے حق رائے دہی استعمال کرنے پہنچ گئی۔ پولنگ سٹیشن پر موبائل فون کی پابندی کے باعث خواتین شوہروں کو ڈھونڈتی رہ گئیں۔
الیکشن کا بخار عوام پر سر چڑھ کر بولا، بڑے بوڑھے اور جوان سب کام چھوڑ کر ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے۔ ملتان میں دلہا نے بارات لے جانے سے پہلے ووٹ کاسٹ کیا۔ شیخوپورہ میں بھی دلہن رخصتی سے قبل ملک کے مستقبل کے لیے پولنگ سٹیشن پہنچیں۔ الیکشن میں اپنی پسند کی جماعت اور امیدوار کو ووٹ دینے کی خواہش جھنگ میں 3 سگے نابینا بھائیوں کو بھی پولنگ سٹیشن تک کھینچ لائی۔ قومی امانت بیلٹ باکس میں ڈالنے میں عمر بھی حائل نہ ہوسکی، کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 100 سالہ خاتون نے ووٹ کاسٹ کیا۔
پولنگ سٹیشن میں موبائل فون نہ لانے کی پابندی بھی مسئلہ بن گئی، کسی کو ووٹ نمبر جاننے میں مشکلات ہوئیں تو کہیں خواتین اپنا شوہر تلاش کرتی نظر آئیں۔