اسلام آباد: (دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی اور شیخ رشید نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
لیگی رہنما سید مشاہد حسین کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشن پر لمبی لائنیں ہیں، ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے، پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے، الیکشن ایکٹ 2017 کا سیکشن 70 الیکشن کمیشن کو پولنگ کے وقت میں اضافے کا اختیار دیتا ہے، کسی بھی ووٹر کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی ووٹنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے فرحت اللہ بابر نے چیف الیکشن کمشنر کو با ضابطہ طور پر خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ بہت سے پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کاعمل سست روی کا شکار ہے، چیف الیکشن کمشنر اپنے عملے کو کام تیز کرنے کی ہدایت کریں، پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹروں کی بڑی تعداد موجود ہے، تین سے چار ووٹرسے زیادہ ووٹروں کو ایک وقت میں پولنگ اسٹیشن میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔