ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کاعمران خان کو نوٹس

Last Updated On 25 July,2018 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا، چیئرمین تحریک انصاف سے فوری جواب طلب کر لیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے پابندی کے باوجود میڈیا سے گفتگو کیوں کی ؟ ووٹ کی رازداری کیوں پامال کی ؟۔

خیال رہے الیکشن کمیشن نے عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو اور خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو کا نوٹس لیا تھا، سیاسی رہنما کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیا۔ عمران خان نے این اے 53 اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشن پر سب کے سامنے خود کو ووٹ ڈالا اور پھر صحافیوں سے گفتگو کی۔ شہباز شریف کی لاہور، بلاول بھٹو لاڑکانہ اور خواجہ اصف کی سیالکوٹ میں میڈیا ٹاک کا نوٹس لیا۔

الیکشن کمشن حکام کا کہنا ہے میڈیا سے براہ راست گفتگو انتخابی مہم کے زمرے میں آتی ہے، کسی رہنما یا جماعت کو آج رات بارہ بجے تک اس کی اجازت نہیں۔ الیکشن کمیشن کو صوابی میں 3 پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کی شکایات موصول ہوئیں، اس پر ڈی سی کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔