لاڑکانہ (دنیا نیوز ) لاڑکانہ کے حلقے این اے 200 میں انتخابی کیمپ کے باہر کریکر حملے میں پیپلز پارٹی کے 4 کارکن زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے حلقے میں قائم پولنگ سٹیشن پر معمول کے مطابق پولنگ جاری تھی کہ اسی دوران چند شرپسندوں نے پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر حملہ کر دیا اور کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔
کریکر دھماکے سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی اور لوگ خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے عوام کی حفاظت کے پیش نظر پولنگ عارضی طور پر روک دی مقامی تھانے میں اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔
حملے میں زخمی ہونے والے کارکنوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ پولیس نے حالات نارمل ہونے کے بعد دوبارہ پولنگ کا آغاز کروا دیا۔