نواز شریف پر ڈیل کا الزام لگانا شرمناک ہے، مریم اورنگزیب

Last Updated On 25 July,2018 12:09 am

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے خلاف من گھڑت خبریں چلا کر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف پر ڈیل کا الزام لگانا اور منفی پروپیگنڈا افسوسناک ہے، ڈیل سمیت تمام منفی خبریں مسترد کرتے ہیں۔ ڈیل کی خبریں پھیلانے کا مقصد لیگی ووٹرز کو پریشان کرنا ہے۔ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی خاطر اڈیالہ جیل میں ہیں، الیکشن کمیشن کو ایسی خبروں کا نوٹس لینا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف میڈیا کا ایک مخصوص حصہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلا رہا ہے، جس نے بیماری کی حالت میں ہسپتال جانے سے انکار کیا، اس پر ڈیل کا الزام لگانا شرمناک ہے۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کسی جماعت کے پارٹی قائد کے خلاف منفی مہم کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ پچیس جولائی کو تمام منفی پروپیگنڈے دم توڑ جائیں گے اور ووٹ کو عزت دو کا تاریخی فیصلہ آئے گا۔