الیکشن 2018ء: ملک بھر میں پولنگ سامان کی ترسیل کا کام مکمل

Last Updated On 24 July,2018 07:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں پولنگ سامان کی ترسیل کا کام مکمل ہو گیا، دو لاکھ سے زائد بیلٹ باکسز اور انتخابی مواد پاک فوج کی نگرانی میں پولنگ سٹیشنوں پر پہنچایا گیا، پشاور میں ناقص انتظامات کے باعث خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بروقت ووٹنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل، ملک بھر میں انتخابی سامان کی ترسیل کر دی گئی۔ دن بھر ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں بیلٹ باکسز سمیت دیگر سامان کے حصول کیلئے رش رہا۔

پریذائیڈنگ افسروں اور دیگر عملے نے پاک فوج کی نگرانی میں سامان پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچایا۔ سامان ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو مخصوص سٹیکر فراہم کئے گئے تھے۔

 

ملک بھر میں 2 لاکھ 2 ہزار 239 بیلٹ باکسز آر اوز کو بھجوائے گئے تھے۔ قومی اسمبلی کیلئے بیلٹ باکس کا رنگ سبز جبکہ صوبائی اسمبلی کے بیلٹ باکس کا رنگ سفید ہے۔

انتخابی سامان میں ووٹرز کی رازداری اور باپردہ خواتین کے لئے 3 لاکھ، 54 ہزار، 430 کمپارٹمنٹ سکرینیں، 6 لاکھ، 35 ہزار، 569 نائیلون کے سٹیمپس، 53 ہزار 86 سیلیز، 7 لاکھ 57 ہزار 635 ٹیمپر ایویڈنٹ بیگ، 25 لاکھ، 50 ہزار، 436 پلاسٹک سیلز، 90 ہزار سٹیشنری پیکٹس شامل ہیں۔7 لاکھ 70 ہزار 860 مارکنگ پیڈ ربڑ سٹیمپ، 4 لاکھ 39 ہزار 60 انمٹ سیاہی کی وائلز بھی تمام پولنگ سٹیشنوں پر پہنچا دی گئی ہیں۔

پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز پر سامان کی حفاظت کریں گے۔ دور دراز حلقوں میں پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت دیگر عملہ رات پولنگ سٹیشن پر ہی قیام کرے گا۔

کراچی کے چھ اضلاع میں قائم چار ہزار آٹھ سو اٹھاسی پولنگ سٹیشنز پر بھی انتخابی سامان کی ترسیل مکمل ہو گئی ہے۔ پشاور نشتر ہال میں ناقص انتظامات کے باعث خواتین پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسروں کو انتخابی مواد کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔