الیکشن کمیشن کا فی ووٹر پر خرچہ 198روپے

Last Updated On 24 July,2018 04:52 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد پر 21 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔

2018 کے الیکشن پاکستانی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن ہیں ۔دستاویزات کے مطابق عام انتخابات میں اس بار مہنگا امپورٹڈ بیلٹ پیپر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ پولنگ سٹاف کا اعزازیہ بھی 3000 سے بڑھا کر 8000 روپے کر دیا گیا ہے۔ یوں 2013ء میں ایک ووٹر پر آنے والا 58 روپے کا خرچہ 140 روپے اضافے کیساتھ اس بار 198 روپے ہو چکا ہے ۔ 2013ء میں الیکشن کمیشن نے انتخابات پر 4 ارب 73 کروڑ روپے خرچ کیے تھے ۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان تمام افراد کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے 2013 سے 2018 کے درمیان قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔ اس عرصے کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے 81 لاکھ نئے ووٹرز کو رجسٹرڈ کیا گیا اور 8 لاکھ ناموں کو فہرست سے نکال دیا گیا جبکہ ووٹرز کی بنائی گئی فہرست کے مطابق 10 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 8300 پر ایس ایم ایس سروس کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا اور ووٹرز اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر بھیج کر ووٹ کی رجسٹریشن کی تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کا کہنا تھا کہ قومی مستقبل سازی کے لیے نوجوان مرد و خواتین کا ووٹ کا اندراج اور جمہوری عمل میں شرکت کرنا بہت ضروری ہے اور عام انتخابات 2018 سے قبل تمام پاکستانیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں۔