لاہور: (دنیا نیوز) اگلی حکومت کون بنائے گا؟ وزارتِ عظمیٰ کس کےحصے آئے گی؟ عوام کا فیصلہ ایک دن بعد، انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا، خلاف ورزی پر سزا ہو گی، پچیس جولائی کو پولنگ صبح آٹھ سے شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔ ملک بھر میں چار لاکھ پولیس اہلکار اور تین لاکھ 70 ہزار فوجی تعینات ہوں گے۔
کون بنے گا وزیرِاعظم پاکستان؟ عوام نے فیصلہ محفوظ کر لیا، پچیس جولائی کو ووٹ ڈال کر سنا دیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم آخری روز عروج پر پہنچنے کے بعد رات بارہ بجے ختم ہو گئی۔
اب جلسہ، جلوس، نعرہ بازی اور دھوم دھڑکا، کچھ نہیں ہو گا۔ کسی کو ووٹرز سے کسی بھی طرح رابطے کی اجازت نہیں ہو گی، خلاف ورزی پر سزا ہو گی۔
الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو جاری ہدایت میں خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا 2 سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
الیکشن 2018ء کی پولنگ 25 جولائی کو صبح آٹھ بجے شروع ہو گی اور بغیر کسی وقفے شام چھ بجے تک جاری رہے گی، الیکشن کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔
پولنگ ڈے پر شکایات کے ازالے کے لئے الیکشن کمیشن میں ڈی جی ایڈمن کی سربراہی میں مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ پولنگ ڈے پر سیکیورٹی کے لیے چار لاکھ پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ ایک لاکھ حاضر سروس، ایک لاکھ نوے ہزار ریزرو فورس پر مشتمل کل 3 لاکھ 70 ہزار فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔