سپریم کورٹ کے ہوتے جمہوریت پر کوئی آنچ نہیں آئے گی، چیف جسٹس

Last Updated On 23 July,2018 11:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سپریم کورٹ کے ہوتے جمہوریت پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کا لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدلیہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے لیکن ہمارے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے ہوتے جمہوریت پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ طاقتور عدلیہ کے ہوتے ہوئے کسی سے ناانصافی نہیں ہو سکتی۔ خدانخواستہ عدلیہ کا ادارہ کمزور پڑ گیا تو یہ المناک حادثہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا، چیف جسٹس

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولا اور ناانصافی نہیں کی بلکہ عملی طور پر لوگوں کو انصاف دینے کی کوشش کی۔
میں نے اپنی قوم سے بروقت الیکشن کا وعدہ پورا کیا، بروقت الیکشن عدلیہ کی طاقت کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ متعدد بار کہا کہ جمہوریت پر آنچ نہیں آئے گی، آئین اور جمہوریت ہمیشہ قائم رہے گی۔

تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ اللہ کرے کہ ملک کا نیا سربراہ عمر ثانی کے نقش قدم پر چلے۔ اللہ تعالیٰ ملک کو بہترین لیڈر دے، وہ چاہے کسی بھی پارٹی سے ہو کیونکہ جب اچھا لیڈر بھاگ دوڑ سنبھالے گا تو ہمیں مشکلات سے چھٹکارا دلائے گا۔ جب اچھا لیڈر ملے گا تو ہمیں جوڈیشل ایکٹوزم کی ضرورت نہیں پڑے گی۔