معلق پارلیمنٹ ملک کی بد قسمتی ہو گی، عمران خان

Last Updated On 20 July,2018 07:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ حکومت سازی کیلئے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقتور حکومت وقت کی ضرورت ہے، پی پی یا ن لیگ کے ساتھ بیٹھنے سے اپوزیشن میں بیٹھنا بہتر ہے۔

عمران خان نے برطانوی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ انتخابات کے نتیجے میں اگر معلق پارلیمان بنتی ہے تو یہ ملک کے لیے بڑی بد قسمتی ہو گی، ہماری کوشش ہو گی کہ پیپلز پارٹی جیسی جماعتوں کی مدد کے بغیر حکومت بنے لیکن اگر نہیں بنتی تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ معلق پارلیمان ہمیشہ کمزور ہوتی ہے، اس وقت پاکستان کو ایک طاقتور حکومت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو جس طرح کے معاشی بحران اور مشکلات کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے طاقتور حکومت کی ضرورت ہے جو بڑے فیصلے کر سکے۔

عمران خان نے دو توک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتحاد بنانا پڑا تو نہ تو یہ ن لیگ سے بنے گا اور نہ ہی پیپلز پارٹی سے کیونکہ ان کے رہنما کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اور اگر ان کے ساتھ اگر حکومت بنانی ہے تو اس سے بہتر ہے کہ اپوزیشن میں بیٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ اصلاحات نہیں ہو سکتی، نہ ہی اداروں کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، بدعنوانی کے خلاف مہم نہیں چلائی جا سکتی اور ایف بی آر کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا کیونکہ انہوں نے ہی اداروں کو تباہ کیا ہے۔