لاہور: (روزنامہ دنیا) عام انتخابات 2018 میں لاہور کے پولنگ سٹیشنز پر 2868 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ ہر پولنگ سٹیشن پر فوج کے 4 جوان تعینات ہونگے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لاہور کو پولیس سمیت دیگر حساس اداروں نے تفصیلی بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لاہور عابد حسین قریشی کی زیرصدارت پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر سمیت حساس اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریگیڈئیر عامر امین نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لاہور عابد حسین قریشی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج جمہوری عمل میں ایمانداری سے فریضہ سرانجام دے گی۔ 23 جولائی کو پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج تعینات کردی جائے گی۔لاہور کے حساس پولنگ سٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز پر بہترین سکیورٹی فراہم کرنا پاک فوج کی اولین ترجیح ہے ۔ہر پولنگ سٹیشن پر فوج کے 4 جوان تعینات کیے جائیں گے ۔ پولنگ سٹیشنز کی بڑی عمارتوں میں فوج کے جوانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔رینجرز کے جوان بھی پولنگ سٹیشنز پر تعینات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پولیس کی جانب سے ایس پی عمارہ نے سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر تھانے کی حدود میں سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری لاہور کے ہر پولنگ سٹیشنز پر تعینات کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرنے تمام اداروں کو آپس میں مزید تعاون جاری رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔