ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ چور حکمران ہیں، عمران خان

Last Updated On 16 July,2018 09:46 pm

میانوالی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی چوری کی قیمت عوام نے ادا کی، خرچے پورے کرنے کیلئے قرضے لیے جا رہے ہیں۔

میانوالی کے علاقہ پیلاں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور چوری کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا، حکمرانوں کی چوری کی قیمت عوام نے ادا کی، ن لیگ کے پانچ سالوں میں 3600 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ ن لیگی ووٹ مانگنے آئیں تو پوچھنا کونسی ایک چیز کو بہتر کیا؟

عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے دس سالوں میں کرپشن اور نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ دس سال پہلے آٹا 13 اور اب 45 روپے کلو، بجلی کی قیمت دو روپے تیرہ پیسے آج 9 روپے 86 پیسے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضے ہیں، خرچے پورے کرنے کے لیے قرضے لیے جا رہے ہیں، قرضوں کی قسط ادا کرنے کے لیے عوام پر ٹیکس لگا دیا جاتا ہے، جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ خزانے کے بجائے چوری ہوتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی قیمت بری خبر ہے، دس سال پہلے ایک ڈالر 60 آج 130 روپے تک پہنچ گیا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے مزید ایک ہزار ارب قرض میں اضافہ ہوا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھے گی۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ چور حکمران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار خود کو تحریکِ انصاف اور ملک کو نقصان پہنچائیں گے، آزاد امیدوار عوام کا نہیں اپنا فائدہ کر سکتا ہے، پچیس جولائی کو باہر نکلو اور نظریے کو ووٹ دو۔ انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو صرف 9 دن رہ گئے، اپنی جنگ سمجھنا، پچیس جولائی کو صرف بلے پر مہر لگانی ہے۔