الیکشن کے دوران پاکستان کیساتھ مکمل تعاون کریں گے، افغان صدر

Last Updated On 16 July,2018 11:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغان صدر نے پاکستان کے نگران وزیرِاعظم اور آرمی چیف کو ٹیلی فون کر کے دہشتگردی کے واقعات کی مذمت اور جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے نگران وزیرِاعظم ناصرالملک کو ٹیلی فون کر کے مستونگ اور خیبر پختونخوا میں انتخابی جلسوں پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

اشرف غنی سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرِاعظم نے کہا کہ بزدلانہ حملے ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے اتارنے کی کوشش ہیں۔ نگران حکومت بروقت الیکشن کے عزم پر کاربند ہے، ایسے فعل ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے مشترکہ دشمنوں کو مل کر شکست دینے پر اتفاق کیا۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان صدر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کر کے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور جانی نقصان پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے بارڈر سیکیورٹی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان میں الیکشن کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے مکمل تعاون کریں گے۔ آرمی چیف نے افغان صدر کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔