اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، نیکٹا حکام کی بریفنگ، جنرل الیکشن کو 12 تھریٹ الرٹس موصول ہونے کا انکشاف، 6 اہم سیاسی شخصیات کو خطرات لاحق
نیکٹا حکام نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل الیکشن کو بارہ تھریٹ الرٹس موصول ہوئے، چھ اہم سیاسی شخصیات کو بھی سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ کمیٹی کنوینئر سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ اور آئی جیز کمیٹی کو اہمیت نہیں دیتے، اگر کسی افسر کیخلاف تحریکِ استحقاق لائیں تو پھر معافی مانگنا شروع ہو جاتے ہیں۔
نیکٹا حکام نے بتایا کہ تھریٹ الرٹس آئی ایس آئی اور آئی بی کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔ تمام خطرات سے متعلق وزارتِ داخلہ، صوبائی حکومتوں اور آئی جیز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ایسے تھریٹ الرٹس باقاعدہ ورکنگ کے بعد جاری کیے جاتے ہیں اور جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اس پر فیڈ بیک لے گا۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے بتایا کہ اسلام آباد سے الیکشن لڑنے والے 129 امیدواروں میں سے ابھی تک صرف عمران خان اور شاہد خاقان عباسی کو سیکیورٹی دی گئی ہے۔ کمیٹی نے صوبوں سے سیکیورٹی کی فراہمی کا طریقہ کار اور فراہم سیکیورٹی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا۔