سپریم کورٹ: محمد علی لنگڑیال کی اپیل مسترد، نااہلی برقرار

Last Updated On 03 July,2018 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 232 وہاڑی سے آزاد امیدوار محمد علی لنگڑیال کو نااہل قرار دینے کے ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کر دی ہے، اپیلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رہنے سے محمد علی لنگڑیال الیکشن 2018ء کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی پی 232 وہاڑی سے آزاد امیدوار محمد علی لنگڑیال کی ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ محمد علی لنگڑیال کی دوہری شہریت ہونے پر آر او نے اعتراض لگایا تھا، جس کیخلاف ایپلیٹ ٹربیونل اور لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا، تاہم دونوں فورمز پر محمد علی لنگڑیال کی درخواستوں کو پذیرائی نہ مل سکی۔

محمد علی لنگڑیال نے اپیلٹ ٹربیونل اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار اس بار آپ الیکشن نہیں لڑ سکتے، اگلی بار انتخابات میں حصہ لینا، سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔