لاہور (دنیا نیوز )الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات 2018 ء میں ووٹ کاسٹ کرنے کی خاطر ووٹرز کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہدایت نامہ جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ انتخابات کے دوران کسی ووٹر کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور ان کا قیمتی ووٹ بھی ضائع نہ ہو۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کیلئے جاری کی جانے والی ہدایات مندرجہ ذیل ہیں ۔
پولنگ سے قبل
اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں
تمام ووٹرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پہلے خود کو ووٹرز لسٹ میں رجسٹرڈ کروائیں تاکہ ان کا نام الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ووٹرز لسٹ میں شامل ہو۔ ووٹرز لسٹ میں نام شامل کرانے کیلئے رجسٹریشن فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے آفس میں دستیاب ہے۔ کسی بھی شخص کا نام ووٹرز لسٹ میں شامل کرانے کیلئے مندرجہ ذیل شرائط کا پورا ہونا لازم ہے۔
1۔ امیدوار پاکستان کا شہری ہو۔
2-اس کی عمر اٹھارہ برس سے کم نہ ہو۔
3- اس کے پاس نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ موجود ہو۔
4- اس کی دماغی حالت بالکل درست ہو۔
5- وہ مذکورہ حلقے کا رہائشی ہو۔
ووٹرز کی تفصیلات
کسی بھی حلقہ انتخاب میں ووٹرز کی تفصیلات مندرجہ ذیل دو طریقوں سے جانچی جا سکتی ہیں ۔
1- الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے ایک ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے۔ کوئی بھی شہری اپنے موبائل پر اپنا قومی شناخی کارڈ نمبر درج کر کے 8300 پر ایس ایم ایس کر کے اپنے پولنگ سٹیشن کا علاقہ ، بلاک کوڈ اور سیریل نمبر معلوم کرسکتا ہے۔
2- کوئی بھی ووٹر ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر جا کر اپنی تفصیلات کا معائنہ کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز آفسز کے ایڈریس اور ٹیلی فون نمبرز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
پولنگ سٹیشن کی معلومات
کوئی بھی ووٹر اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشن ،جہاں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے ، کی معلومات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ یا ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر سے حاصل کرسکتا ہے۔
پولنگ کے روز
پولنگ سٹیشن پر جلدی پہنچیں
تمام ووٹرز کو چاہیئے کہ وہ اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن جلدی پہنچیں تاکہ ووٹرز لسٹ میں اپنا نام دیکھ سکیں اور اس کے علاوہ پولنگ سٹیشن پر لمبی قطار کی زحمت سے بھی بچ سکیں۔
پولنگ سٹیشن آمد کے بعد
ووٹر کی پولنگ سٹیشن آمد کے بعد پولنگ کلرک اس کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گا تاکہ اس کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جا سکے۔
ہاتھوں کا معائنہ
پولنگ سٹیشن آمد کے بعد پولنگ سٹیشن کا عملہ ووٹر کے ہاتھوں کا معائنہ کرے گا تاکہ ووٹر کی تصدیق کیلئے جب اس کے انگوٹھے کا نشان لیا جائے تو اس پر کسی قسم کا داغ ، دھبہ یا مہندی نہ لگی ہوئی ہو۔
ووٹنگ بوتھ پر
پولنگ بوتھ پر پہنچنے کے بعد ووٹر کو دو قسم کے بیلٹ پیپرز دیئے جائیں گے ۔ ان میں سے ایک بیلٹ پیپر قومی اسمبلی اور دوسرا صوبائی اسمبلی کیلئے استعمال ہوگا۔ ووٹر کو ووٹ پر مہر لگانے سے قبل انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا ورنہ اس کا ووٹ ضائع بھی ہوسکتا ہے۔
ووٹ کاسٹ کریں
ووٹر بیلٹ پیپر پر اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے سامنے مہر لگانے کے بعد پیلٹ پیپر کو نصف دہرا کر کے اسے بیلٹ باکس میں ڈال دے گا۔ ہرپولنگ سٹیشن پر قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے الگ الگ بیلٹ باکس رکھے جائیں گے جن میں سبز رنگ کا بیلٹ باکس قومی اور سفید رنگ کا بیلٹ باکس صوبائی اسمبلی کیلئے ہوگا۔