اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 کا کاؤنٹ ڈاؤن جاری ہے، سیاسی دنگل سجنے میں صرف 22 روز باقی رہ گئے، ملک بھیر گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، امیدواروں کے جلسے، ریلیاں اور میل ملاقاتوں میں تیزی آگئی ہے، بلاول بھٹو آج اندرون سندھ جبکہ عمران خان سرگودھا جائیں گے۔
ادھر انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد ہر حلقے سے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی گئیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 107 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ، آزاد امیدواروں کیلئے 225 انتخابی نشان مختص کیے گئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
تحریک انصاف کے امیدواروں کو بلا، ن لیگ کو شیر، پیپلز پارٹی تیر، ایم کیوایم کو پتنگ ملی۔ ایم ایم اے کو کتاب، پی ایس پی کو ڈولفن، ق لیگ کو ٹریکٹر جبکہ اے این پی کے امیدواروں کو لالٹین کا نشان دیا گیا ہے۔ شیخ رشید کی جماعت عوامی مسلم لیگ قلم دوات اور چودھری نثار جیپ کے نشان پر انتخابی میدان میں اتریں گے۔
فیصل آباد کے طوطا پہلوان طوطے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ مریم نواز کے وکیل این اے 125 سے بروقت کاغذات واپس نہ لے سکے، جس کی وجہ سے مریم نواز کو این اے 125 سے پنسل کا نشان مل گیا۔ این اے 77 ظفروال سے دانیال عزیز کو نااہلی کے باوجود مٹکے کا نشان جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 85 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کر دیے، ہر کلومیٹر کے بعد ایک پولنگ سٹیشن ہو گا۔ پنجاب میں 47 ہزار 813، سندھ میں 17 ہزار 747، خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 634 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ بلوچستان میں چار ہزار 420، اسلام آباد میں 797 پولنگ سٹیشنز ہوں گے۔ حتمی فہرستیں جاری ہونے کے بعد الیکشن شیڈول کا اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔