کراچی: ( روزنامہ دنیا) چاروں صوبوں کے نگراں وزرائے اعلیٰ کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن 13 کروڑ 55 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے ساتھ سب سے امیر اور نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری 48 لاکھ 90 ہزار روپے کے ساتھ سب سے غریب نکلے۔ نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار سے زائد اور پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کے اثاثوں کی کل مالیت 2 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد ہے۔
دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں سب سے زیادہ امیر ہیں، جب کہ غریب ترین نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری ہیں۔ سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ فضل الرحمن 13 کروڑ 55 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے پاس پنشن فنڈز کی مد میں 80 لاکھ روپے موجود ہیں۔ دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ 400 گرام سونے کے مالک ہیں اور ان کی اہلیہ نے 5 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے پاس نقد رقم 2 لاکھ روپے ہے اور بینک میں 2 کروڑ 62 لاکھ 86 ہزار سے زائد رقم موجود ہے۔ انہوں نے 5 لاکھ روپے کا فرنیچر ظاہر کیا ہے۔ علاوہ ازیں 7 پلاٹ ان کے اپنے اور 3 پلاٹ ان کی اہلیہ کے نام پر ہیں۔ فضل الرحمن کے پاس 1967ء کے ماڈل کی گاڑی بھی ہے، جس کی مالیت 15 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کے اثاثوں کی کل مالیت 48 لاکھ 90 ہزار روپے ہے ، کوئٹہ میں ان کے مکان کی مالیت 21 لاکھ 60 ہزار، کراچی میں مکان کی مالیت 7 لاکھ روپے اور گوادر میں پلاٹ کی قیمت 14 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کے پاس بینک میں ایک لاکھ روپے ہیں اور انہوں نے کاروبار میں 35 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ظاہر کی ہے۔ دستاویزات کے مطابق انہوں نے 50 ہزار روپے کا فرنیچر بھی ظاہر کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں 8 مرلے کے مکان کی مالیت2 کروڑ 97 لاکھ، اسلام آباد میں 7 مرلے کے پلاٹ کی مالیت 15 لاکھ 25 ہزار اور پشاور میں 2 کنال اراضی کی قیمت 8 لاکھ 63 ہزار سے زائد ظاہر کی ہے۔
اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق دوست محمد خان کے نام پر کوئی گاڑی نہیں ہے، ان کے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 27 لاکھ 56 ہزار 601 روپے اور 35 لاکھ روپے نقد رقم موجود ہے۔ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کے اثاثوں کی کل مالیت 2 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے سے زاِئد ہے اور انہوں نے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد ر قم ظاہر کی ہے ، پروفیسر حسن عسکری نے دستاویزات میں 2013 ء کے ماڈل کی گاڑی کی مالیت 10 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔