لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تصدیق کے بغیر کوئی بات نہیں کی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن والا کھیل عام انتخابات میں بھی کھیلا جا رہا ہے، تصدیق کے بغیر کبھی کوئی بات نہیں کی، اقبال سراج سے تشدد سے متعلق حقائق کی تصدیق کی تھی۔
دوسری جانب وفاداری تبدیل کرنے کیلئے تشدد کا الزام لگانے والے رانا اقبال سراج نے اپنا بیان واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت والوں نے چھاپہ مارا۔
ادھر لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ سب کو پتہ ہے لیگی امیدوار نے کیوں بیان بدلا۔ مشاہد حسین کو بھی اقبال سراج کے ویڈیو بیان میں دباؤ کی بو آنے لگی۔ تحریکِ انصاف کا کہنا ہے نواز شریف نے بغیر تحقیقات الزام تراشی کی۔
انتخابی امیدواروں کو مبینہ ہراساں کرنے کا معاملہ گرم ہوا تو الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے رپورٹ بھی مانگ لی۔ کمیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو امیدواروں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔