چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن عہدے سے برطرف

Last Updated On 27 June,2018 07:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن عہدے سے برطرف، صدرِ مملکت نے عہدے سے ہٹانے کی منظوری دیدی۔

صدرِ مملکت ممنون حسین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ نگران وزیرِاعظم ناصر الملک نے انھیں ہٹانے کی سمری دو روز قبل صدرِ مملکت کو بھواجئی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ماروی میمن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا طالبہ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے نام ایک درخواست ارسال کی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کی پانچ سالہ مدت کے اختتام کے ساتھ ہی کابینہ ختم ہو گئی لیکن ماروی میمن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا اور وہ اب تک بی آئی ایس پی کی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔