عمران خان کا گورنر خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

Last Updated On 20 June,2018 10:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ کے گورنر خیبرپختونخوا کے پاس فاٹا کے مالیاتی اور انتظامی اختیارات، فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ عمران خان نے نگران وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا نگران وزیر اعظم کو خط، ریاستی ڈھانچے میں 3 بڑی خامیوں کے باعث انتخابات کا شفاف انعقاد غیر یقینی ہے۔ عمران خان نے خط میں لکھا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا کے پاس ابھی بھی فاٹا کے مالیاتی اور انتظامی اختیارات موجود ہیں۔ گورنر کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، وہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے سیاسی امور میں مداخلت کررہے ہیں۔ گورنر کا کردار متنازع ہے وہ ایک پارٹی کی حمایت کررہے ہیں۔

انہوں نے خط میں نگران وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ گورنر کے پی کے کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اگر گورنر کو نہ ہٹایا گیا تو شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

عمران خان نے یہ بھی لکھا کہ وفاقی حکومت کے ماتحت بیوروکریسی کو تاحال تبدیل نہیں کیا گیا، ابھی تک مسلم لیگ ن کے تعینات کردہ افسران عہدوں پر براجمان ہیں۔ یہ بیوروکریٹ آزادانہ انتخابات کی راہ میں رکاوٹ اور اثرانداز ہورہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں ابھی تک پی پی اور ن لیگ کی تعینات کردہ انتظامیہ موجود ہے، یہ انتظامیہ ن لیگ اور پی پی کے امیدواروں کو سپورٹ کررہی ہے۔ نگران حکومت سست روی سے اپنے اختیارات استعمال کررہی ہے۔ ہم انتخابات کے انعقاد میں کوئی شک و شبہ نہیں چاہتے، نگران حکومت اس حوالے سے فوری کارروائی کرے۔

عمران خان نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ امید ہے نگران حکومت شفاف انتخابات یقینی بنانے کے لیے ہماری درخواست پر غور کرے گی۔