اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کی سنگاپور اور برطانیہ میں جائیدادیں، اسلام آباد میں تین پلاٹس، سوات میں 45 دکانیں، فلور مل اور سی این جی سٹیشن میں شیئرز، الیکشن کمیشن نے تفصیلات جاری کردیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی برطانیہ میں 2 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ کی جائیداد اور سنگاپور میں 7 لاکھ ڈالر کی پراپرٹی ہے۔ نگران وزیراعظم کی سوات میں 45 دکانیں ہیں جبکہ اسلام آباد میں 3 پلاٹس بھی ہیں۔
اس کے ساتھ نگران وزیراعظم ڈپلومیٹ انکلیو میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، نگران وزیراعظم کا بینک بیلنس 10 کروڑ ہے اور وہ 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے مقروض بھی ہیں۔
دوسری طرف نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیل بھی سامنے آگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حسن عسکری کے پاس 70 لاکھ مالیت کا گھر ہے۔ 9 لاکھ 30 ہزار روپے کے کیش پرائز بانڈز اور ایک کروڑ کا بینک بیلنس ہے۔