لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس اختتام پذیر، انتخابات میں تاخیر کے خواہشمند عناصر کے آگے ڈٹ جانے پر اتفاق، نوازشریف کہتے ہیں ٹکٹ صرف پارٹی کے وفاداروں کو ہی ملے گا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، جس کی صدارت پارٹی صدر شہبازشریف نے کی۔ اجلاس میں میاں نواز شریف، راجہ ظفرالحق سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انتخابات میں تاخیر کرنے یا کرانے والوں کا ڈٹ کر محاسبہ کیا جائے گا۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارٹی امیدواروں کا فیصلہ مکمل میرٹ اور پارٹی وفاداری کی بنیاد پر ہوگا۔ انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔ مقررہ وقت پر انتخابات جمہوریت کیلئے ضروری ہیں۔ عالمی جریدوں میں آنے والے تجزیوں سے کوئی خطرہ نہیں۔
اس موقع پر پارٹی صدر شہبازشریف نے کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ان کا حساب ووٹر خود کر لیں گے۔ پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کوئی سازش توڑ نہیں سکی، ہمارا ووٹر قائم ہے۔
پارلیمانی بورڈ نے مریم اورنگزیب کو پارٹی ترجمان مقرر کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کے مؤقف کو عوام تک پہنچاؤں۔ پارلیمانی بورڈ کا دوسرا اجلاس پیر کو لاہور میں ہوگا۔