اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجرا روک دیا گیا۔ یہ اقدام لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب نیا نامزدگی فارم تیار کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، الیکشن 2018ء کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجرا روک دیا گیا، ہنگامی اجلاس طلب، لاہور ہائی کورٹ فیصلے کی روشنی میں فارم اے اور بی میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے شیڈول پر عارضی طور پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو نامزدگی فارم جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ حکام کے مطابق اب عدالتی حکم کی روشنی میں نیا فارم تیار ہو گا اور کاغذاتِ نامزدگی فارم کے اجرا اور وصولی کی تاریخوں میں ردوبدل پر بھی غور ہو گا۔
حکومت نے الیکشن کمیشن کے اعتراضات رد کرتے ہوئے نیا کاغذات نامزدگی فارم تیار کیا تھا جس میں قرضوں، مقدمات، دوہری شہریت، تین سالہ ٹیکس کی معلومات، تعلیم، پیشہ اور ڈیفالٹر کے کالم ختم کر دیئے گئے تھے۔ عدالت نے فارم میں کی گئی تمام تبدیلیوں کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔