امیر قطر کا دورہ روس، دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے

Published On 18 April,2025 03:59 am

ماسکو: (دنیا نیوز) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا دورہ روس کے موقع پر روس اور قطر کے درمیان 2 ارب ڈالر کے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

امیر قطر شیخ تمیم کی کریملن میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی، غزہ اور شام سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر پیوٹن نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا مسئلے کا واحد اور پائیدار حل یو این قراردادوں کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام کو آزاد، خودمختار اور متحدہ ریاست بنانے میں ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں، صدر پیوٹن نے غزہ جنگ بندی کیلئے قطر کی کوششوں کو سراہا۔

امیر قطر شیخ تمیم نے کہا اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔