اترپردیش:(دنیا نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں آگ لگنے سے 10 شیر خوار بچے ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ہسپتال حکام نے بتایا کہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جھانسی میں واقع مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سے 10 بچے ہلاک ہو گئے۔
خیال رہے ہسپتال کے یونٹ میں اس وقت 54 بچے داخل تھے جن میں سے 35 کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ 16 کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایکس پوسٹ پر لکھا ہے کہ جھانسی ضلع کے میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں پیش آنے والے حادثے میں بچوں کی موت انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو جنگی بنیاد پر راحت اور بچاؤ کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔