امریکی صدارتی انتخابات: معروف شخصیات کا اپنے پسندیدہ امیدواروں کی حمایت کا اعلان

Published On 23 October,2024 07:44 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں بزنس ٹائیکونز، شوبز سٹارز اور ریسلرز سمیت معروف شخصیات اپنے پسندیدہ امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر رہی ہیں۔

بل گیٹس

مائیکروسافٹ کے شریک بانی، امریکی کھرب پتی بل گیٹس نے تاحال کھل کر کملا ہیرس کی حمایت تو نہیں کی لیکن انہوں نے کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے لیے 50 ملین ڈالر عطیہ کردیے ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ مائیکرو سافٹ کے بانی کا پلڑا ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی طرف ہے۔

بل گیٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے بہت سے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ کام کیا ہے مگر یہ الیکشن مختلف ہے، میں نے ہمیشہ ان سیاسی رہنماؤں کی حمایت کی ہے جن کی پالیسیاں ہیلتھ کیئر، غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے واضح ہوں۔

ایلون مسک

امریکا کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک سوشل میڈیا پر کھل کر ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں، دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو اکثر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلیوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں ایلون مسک کا یہ اعلان سامنے آیا کہ وہ امریکی آئین میں پہلی اور دوسری ترمیم کی حمایت میں آن لائن پٹیشن پر دستخط کرنے والوں میں سے روزانہ کسی بھی ایک شخص کو ایک ملین ڈالر کی رقم انعام میں دیں گے۔

یہ آن لائن پٹیشن ایلون مسک کی امریکہ پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی، جس کا مقصد امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور ان کے حامیوں کو متحرک کرنا ہے۔

گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا، کملا ہیرس کے حوالے سے ٹیلر سوئفٹ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خیال میں وہ ایک متوازن اور محنتی لیڈر ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اس ملک میں بہت کچھ کر سکتے ہیں اگر ہم افراتفری کے بجائے پُر سکون رہیں۔

ہلک ہوگن

ماضی کے لیجنڈری ریسلر ہلک ہوگن نے ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں ریپبلکن نیشنل کنونشن کے دوران ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ’بنیان پھاڑ‘ حمایت کا مظاہرہ کیا۔

لیجنڈری ریسلر نے ٹرمپ کے حق میں جوشیلی تقریر کی، تقریر کے دوران انہوں نے اپنی جیکٹ اتاری پھر سیاہ رنگ کی بنیان کو دونوں ہاتھوں سے کھینچ پر پھاڑ ڈال، اور اندر سے سرخ رنگ کی وہ شرٹ برآمد ہوئی جس پر لکھا تھا ’’ٹرمپ، وانس‘‘، واضح رہے کہ جے ڈی وانس نائب صدر کے عہدے کے لیے نامزد ہیں۔

ہلک ہوگن نے اس موقع پر تقریر میں کہا ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے امریکا کے دشمن ہیں، اب وہ نومبر میں جیتنے والا ہے اور جب وہ جیتے گا تو ہم سب دوبارہ چیمپئن بنیں گے۔

بروس سپرینگسٹین

امریکہ کے لیجنڈ موسیقار بروس سپرینگسٹین نے سوشل میڈیا پر ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس اور ٹم والز ملک کو ایسا بنانا چاہتے ہیں جہاں پر طبقات، مذہب، نسل، سیاسی وابستگی اور صنفی شناخت سے بالاتر ہوکر ہر کسی کیلئے یکساں احترام اور مواقع ہوں۔

کڈ راک

امریکہ کے معروف موسیقار کڈ راک نے بھی ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا، انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ خدا ڈونلڈ ٹرمپ کو سلامت رکھے اور امریکہ کو بھی سلامت رکھے۔

دوسری جانب امریکی اخبار کے مطابق پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں انتہائی کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کا امکان 51 فیصد جبکہ کاملا ہیریس کے جیتنے کا امکان 49 فیصد ہے۔

اخبار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کاملا ہیرس پاپولر ووٹ ایک اعشاریہ چھ فیصد زیادہ حاصل کرلیں گی مگر الیکٹرول کالج جیت کر صدر بننے کے ٹرمپ کے امکانات 53 فیصد ہیں۔