تل ابیب: (دنیا نیوز) سابق اسرائیلی سفیر ڈینئیل کارمون نے انکشاف کیا کہ اسرائیل نے کارگل کی جنگ کے دوران جنگی ہتھیار دے کر بھارت کی مدد کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈینئیل کارمون نے کہا کہ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کو گائیڈڈ گولہ بارود اور ڈرون سمیت فوجی سامان فراہم کیا، بھارتی اس بات کو نہیں بھولتے اور شاید اب حماس کیخلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کرکے اس کا بدلا چکا رہے ہیں۔
سابق سفیر نے کہا کہ بھارت نے حماس کیخلاف جنگ کے لئے غیر اعلانیہ طور پر 27 ٹن دھماکہ خیز مواد سے لیس مال بردار جہاز اسرائیل بھیجا، بھارت نے اسرائیل کو حیدرآباد میں تیار کردہ جدید ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سفیر ڈینئیل کارمون 2014 سے 2018 تک بھارت میں اسرائیل کے سفیر رہے ہیں، بھارت نے ان رپورٹس کی نہ تو تصدیق اور نہ ہی تردید کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے بعد نیتن یاہو حکومت نے ہزاروں فلسطینی ورکرز پر پابندی عائد کردی، اسرائیل کی معیشت کو تقویت دینے کیلئے ہزاروں ورکرز انڈیا سے بھیجے جا رہے ہیں۔