سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، دو طرفہ تعاون پرتبادلہ خیال

Published On 14 June,2024 12:13 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب علی باقری کنی سے ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ تعاون کے پہلوؤں اور مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اس سے قبل شہزادہ فیصل بن فرحان نے روس کے شہر نیگنی نوگوروڈ میں برکس وزارتی کمیونیکیشن سیشن میں برکس گروپ میں شامل ہونے کیلئے مدعو ملک کے طور پر مملکت کی شرکت کے موقع پر اپنے ہم منصب علی باقری سے ملاقات کی تھی ۔

ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر غزہ کی پٹی اور شہر رفح میں ہونے والی پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر گفت و شنید کی گئی۔

قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ علی باقری کنی نے تصدیق کی کہ سعودی ایران تعلقات صحیح راستے پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ملک نے سعودی عرب کے ساتھ جامع تعاون کے لیے "سنجیدہ اقدامات" کیے ہیں، ایران اور سعودی عرب کی جانب سے موجودہ نازک اور حساس حالات میں ایک مستحکم خطہ تشکیل دینے کی سنجیدہ خواہش موجود ہے۔