کیپ ٹاﺅن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالیدی پاندور نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالیدی پاندور نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانیت سوز مظالم کا مرتکب ہو رہا ہے، خواتین اور بچوں کو بھی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔
جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل بین الااقوامی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار میں آنے والی 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کا مرتکب ہوا۔
نالیدی پاندور نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی کے پراسیکیوٹر اسرائیل کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی رفتار کو بڑھائے اور اسرائیلی وزیرعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرے۔
جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ان کی کابینہ کے کچھ ارکان سمیت فی الفور گرفتار کرنا چاہیے۔