نیویارک : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی غزہ پر جاری بمباری کے باعث خطے میں بڑھتے ردعمل کو روکنے کے لیے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اتوار کے روز ترکیہ پہنچیں گے۔
عرب میڈیاکے مطابق امریکی وزیر خارجہ 5 نومبر کو ترکیہ کے دارالحکومت میں اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
امکان ہے کہ ان کے اس دورے میں حوثیوں کے حالیہ راکٹ حملوں کے علاوہ شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کی موجودگی بھی زیر بحث آئے گی۔
امریکی وزیر خارجہ اس سے قبل بھی اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کا طویل دورہ کر چکے ہیں، اب بھی وہ مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کا دورہ کریں گے، ان میں اردن بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ: اسرائیل کی جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر دوبارہ بمباری، اقوام متحدہ کی شدید مذمت
واضح رہے ترکیہ اور اردن میں غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے خلاف کافی ردعمل پایا جاتا ہے اور ان دونوں ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی عملے کے حوالے سے سخت اقدامات کا بھی عندیہ دے رکھا ہے۔
بلنکن کی خطے میں ہونے والی ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کی جنگ کے پھیلنے کے امکانات و مضمرات کا موضوع بھی اہم ہوگا کیونکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون اور راکٹ حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔