بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) چین میں آنے والا طاقتور سمندری طوفان ’’ ٹائیفون تالیم ‘‘ جنوبی ساحل سے ٹکرا گیا جس کے باعث تقریباً 2,30,000 افراد اپنے گھروں سے نقل مکانی کر گئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ’’ ٹائیفون تالیم ‘‘ اس سال کا چوتھا طوفان ہے جو تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ جنوبی ساحل سے ٹکرایا۔
طوفان نے ساحل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے سینکڑوں پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہو گئیں۔
حکام نے بتایا کہ طوفان کے خطرات کے پیش نظر چینی صوبہ گوانگ ڈونگ سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ گوانگ ڈونگ سے نکالے جانے والوں میں 8,000 سے زائد فش فارم ورکرز شامل ہیں جنہیں ساحل پر لایا گیا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق ٹائیفون منگل کی صبح تک اپنی رفتار کھو سکتا ہے اور بدھ کو شمالی ویتنام میں پھیل سکتا ہے، مقامی حکام نے درجنوں ساحلی سیاحتی مقامات کو بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے کہا کہ سمندری طوفان کے جنوبی بحیرہ چین میں بیبو خلیج کی طرف بڑھنے کی توقع ہے، اور منگل کی صبح گوانگشی ژوانگ کے ساحلی علاقے میں دوسرا لینڈ فال ہو سکتا ہے۔
مقامی میرین فورکاسٹنگ سٹیشن نے خبردار کیا کہ چھ میٹر تک کی لہریں جنوبی جزیرے کے صوبے ہینان سے ٹکرائیں گی۔