روسی فضائیہ کی شام میں کارروائی، 11 افراد ہلاک

Published On 25 June,2023 09:10 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) شام کے شمال مغربی علاقے میں روس کے فضائی حملوں میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، ان میں پانچ شہری بھی شامل ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’’جسرالشغور میں روسی فوج کے فضائی حملے میں چھے عام شہری مارے گئے ہیں اور تین باغی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔

حزبِ اختلاف کے زیر قبضہ صوبہ ادلب میں واقع شہر جسر الشغور میں شہری دفاع کے ذمے دار احمد یزیدی نے بھی اس فضائی حملے میں نو ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔

رصدگاہ کے مطابق شہر کی پھل اور سبزی منڈی روسی حملے کا نشانہ بنی ہے۔یزیدی نے روسی بمباری کو علاقے کے ’’مقبول بازار پر براہ راست حملہ‘‘ قرار دیا، جو کسانوں کے لیے آمدن کا ایک بنیادی ذریعہ ہے۔

رامی عبدالرحمٰن نے مزید بتایا کہ ادلب شہر کے مضافات میں ہونے والے ایک اور فضائی حملے میں ایک شہری اور حزب اختلاف کا ایک جنگجو مارا گیا ہے اور ان دونوں فضائی حملوں میں کم سے کم 30 شہری زخمی ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔