کیف : ( ویب ڈیسک ) مشرقی یوکرین کے شہر دنیپرو میں ایک طبی کلینک پر روسی میزائل حملے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق علاقائی سربراہ سرہی لائساک نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں 3 اور 6 سال کی عمر کے دو بچے بھی شامل ہیں۔
یوکرین کی جانب سے متوقع جوابی کارروائی سے قبل حالیہ ہفتوں میں یوکرین پر روسی حملوں میں شدت آئی ہے۔
یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے اس حملے کو ’’خالص ظلم‘‘ قرار دیتے ہوئے تباہ شدہ کلینک کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر اور عمارت سے دھواں اٹھتے دکھایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے رات بھر روس سے داغے گئے 17 میزائلوں اور 31 ڈرونز کو مار گرایا ہے، کئی ڈرونز اور میزائلوں نے دنیپرو اور مشرقی شہر خارکیف میں اہداف کو نشانہ بنایا جس میں تیل کا ایک ڈپو بھی شامل ہے۔
یوکرین کے دارالحکومت کیف کو بھی نشانہ بنایا گیا اور حکام نے بتایا کہ روکے گئے ڈرون کے ٹکڑے ایک شاپنگ سینٹر کی چھت پر گرے جبکہ ایک گھر اور کئی کاروں کو نقصان پہنچا۔