تیونس : (ویب دیسک ) تیونس میں یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیونس کے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جزیرے دجربا میں پیش آیا ہے، فائرنگ سے مرنے والوں میں 2 پولیس اہلکار اور 2 سیاح شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کہ حملہ آور یہودی عبادت گاہ پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا، پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، ملزم کی ہلاکت کے بعد اس کے پاس موجود ہتھیار قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکاروں سمیت دس افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک اہلکار بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں اور سول افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے یہودی 2,500 سال سے زیادہ قدیم عبادت گاہ کی زیارت کے لیے جربہ آتے ہیں ، یہ سیاحوں کی توجہ کا ایک اہم مقام بھی ہے اور تورات کے قدیم ترین نسخوں میں سے ایک پر مشتمل ہے۔