صحافیوں پر حملے دنیا بھر میں آزادی صحافت کیلئے خطرہ ہیں: اقوام متحدہ

Published On 03 May,2023 09:36 am

جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف غلط معلومات، نفرت انگیز تقریر اور صحافیوں پر حملے دنیا بھر میں آزادی صحافت کے لیے خطرہ ہیں۔

1993 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق ہر سال 3 مئی کو منائے جانے والے عالمی یوم آزادی صحافت پر  سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کاکہنا تھا کہ آزادی صحافت جمہوریت اور انصاف کی بنیاد ہے، صحافت ہم سب کو حقائق فراہم کرتی ہے لیکن دنیا کے ہر کونے میں آزادی صحافت پر حملہ ہو رہا ہے۔

 

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کےاس پیغام کی ایک وڈیو جنرل اسمبلی ہال میں عالمی یوم صحافت کی 30ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے دوران چلائی گئی جس میں دنیا بھر سے ممتاز صحافی اور میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی کلمات میں اقوام متحدہ کی ثقافتی ایجنسی یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے نے کہا کہ 2022 صحافت کے لئے سب سے مہلک سال تھا، گزشتہ سال 86 صحافی مارے گئے جن میں زیادہ تر جنگی علاقوں سے باہر تھےجن میں سے اکثر اپنے خاندان کے ساتھ تھے ۔

انہوں نےمزید کہا کہ سینکڑوں صحافیوں پر خطرناک حملے کیے گئے یا انہیں قید کیا گیا ، ان حالات کے پیش نظر صحافیوں کی حفاظت صرف صحافیوں یا بین الاقوامی تنظیموں کا معاملہ نہیں ہےبلکہ یہ پورے معاشرے کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر اسپیس میں صحافیوں پر بھی حملے ہو رہے ہیں ، 2021 کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چار میں سے تین خواتین صحافی آن لائن ہراساں کیے جانے کا شکار ہوئی ہیں، جس سے یونیسکو کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے تحفظات کو بڑھانے کے لیے سفارشات جاری کرنے پر مجبور کیا۔

جنرل آڈری ازولے نے توجہ دلائی کہ یہ چیلنجز عین اس وقت درپیش ہیں جب صحافیوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کیونکہ ڈیجیٹل دور کی آمد نے معلومات کا پورا منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انٹرنیٹ نے معلومات اور اظہار کے لیے نئے راستے کھولے ہیں لیکن وہیں اس کو غلط معلومات اور سازشی نظریات کےلیے بھی استعمال کیا جارہاہے، ہم اس وقت ایک دوراہے پر کھڑے ہیں کیونکہ ہمارا موجودہ راستہ ہمیں باخبر عوامی مباحثوں سے دور لے جا رہا ہے۔

انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرنے پر زور دیا کہ معلومات عوام کی بھلائی میں ہونی چاہیے ، یونیسکو ڈیجیٹل دور میں میڈیا اور معلومات کی خواندگی میں تعلیمی پالیسیاں تیار کرنے کے لیے تقریباً 20 ممالک کی مدد کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جارہا ہے ،  یہ دن منانے کا مقصد پیشہ وارانہ فرائض کی بجا آوری کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اور زندگیوں کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔