سفارتی بحالی کا مشن ، سعودی وفد تہران پہنچ گیا

Published On 09 April,2023 11:00 am

تہران : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق قونصل خانے کی دوبارہ بحالی کیلئے سعودی وفد تہران میں موجود  ہے جس کی سربراہی سینیئر سفارت کار ناصر بن عوض آل غنوم کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفد ایرانی حکام کے ساتھ سفارتی مشنوں کی بحالی کے مکینزم پر بات چیت کرے گا ۔

علاوہ ازیں سعودی وفد کی ایرانی وزارت خارجہ میں پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات

سعودی وفد کا دورہ چین میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد عمل میں آیا ہے جس پر دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات کی بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ نے بیجنگ میں ہونے والی ملاقات خلیجی خطے میں “سلامتی اور استحکام” لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔