جوبائیڈن کا مبینہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرانے پر معذرت سے انکار

Published On 17 February,2023 07:07 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا اپنے ساحل پر ایک مبینہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرانے پر کسی قسم کی معذرت نہیں کرے گا کیونکہ غبارے کو جاسوسی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بائیڈن نے کہا کہ وہ رواں ماہ کے واقعے کے بارے میں جلد ہی چین کے صدر شی جن پنگ سے بات کریں گے، امریکہ اس معاملے پر چین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے، ہم نئی سرد جنگ کی تلاش میں نہیں ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اس معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے ، لیکن امریکا اس غبارے کو مار گرانے پر کوئی معذرت نہیں کرنا چاہتا جسے امریکی ریاست الاسکا کی فضا میں فائٹر طیاروں نے گرایا تھا تاہم شمالی امریکہ میں گرائی گئی تین دیگر چیزوں کے جاسوسی کے لئے استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اب اسی طرح کی فضائی اشیاء کی کھوج کو بہتر بنانے کے لئے مزید کام کرے گا۔