ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے رواں برس 10 لاکھ افراد کوحج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال 10 لاکھ عازمین حج ادا کر سکیں گے۔
کورونا وبا کے باعث گزشتہ 2 برسوں میں عازمین کی تعداد کم کر دی گئی تھی۔ رواں سال 65 برس سے کم عمر افراد کوحج کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ عازمین کے لئے سعودی حکومت کی منظورشدہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ تمام عازمین حج کوسعودی عرب روانگی سے 72 گھنٹے قبل کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال 58 ہزار 745 عازمین نے حج ادا کیا تھا۔ کورونا وائرس سے قبل عازمین حج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرجاتی تھی۔