مصر: ایک ہزار سے زائد قیدیوں کو پھانسی دینے والا جلاد انتقال کر گیا

Published On 26 April,2021 05:44 pm

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں سب سے مشہور جلاد حسین قرنی جسے "عشماوی" کے نام سے جانا جاتا ہے انتقال کرگیا۔ عشماوی کا شمار مصر کے مشہور جلادوں میں ہوتا تھا جس نے سزائے موت کے 1070 قیدیوں کو موت کی سزا پرعمل درآمد کراتے ہوئے انہیں ابدی نیند سلا دیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق عشماوی کو مصر کے مشہور جلادوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ برسوں پہلے قیدیوں کو موت کی نیند سلانے کی ملازمت سے وابستہ ہوئے۔ انہیں پھانسی کے مناظر انجام دینے کے لیے متعدد فلموں اور سیریز میں استعمال کیا تھا۔

ان کے بیٹے نے بتایا کہ والد 20 سال تک جیلوں میں قیدیوں کو سزائے موت پرعمل درآمد کرانے والے جلاد کے طور پر کام کرتے رہے۔ گذشتہ روز دل میں تکلیف کے نتیجے میں انتقال کرگئے۔ انہیں ان کے آبائی علاقے الدقھلیہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ عشماوی کو آبائی گائوں منیہ سمنود میں آبائی قبرستان میں دفن کیا جائے گا

عشماوی نے اپنی ملازمت کے دوران سزائے موت کے 1070 مجرموں کی سزائے موت پرعمل درآمد کیا۔ ملزمان میں 20 فی صد خواتین شامل ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو قتل کیا تھا۔ سنہ 1990ء سے 2011ء تک انہوں نے بڑی تعداد میں سزائے موت کے قیدیوں کو موت نیند سلائی۔ زیادہ قیدیوں‌کو موت کے گھاٹ اتارنے پر عشماوی کا نام گینز بک میں بھی شامل کیا گیا تھا۔