زغرب: (دنیا نیوز) یورپین ملک کروشیا میں چھ اعشاریہ چار شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے، عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے کروشیا کے ہمسایہ ممالک سلووینیا میں بھی محسوس کئے گئے، جہاں جوہری پلانٹ کو احتیاطی تدبیر کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ کروشیا میں رواں ماہ آنے والا تیسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل 12 دسمبر اور اس کے بعد گزشتہ روز بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلے کی شدت اس قدر شدید تھی کہ لوگ اپنے گھروں سے نکل کر باہر آ گئے اور ان میں خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرکے ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے ، زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔