امریکا کے بعد چین کا جوابی اقدام، چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

Last Updated On 24 July,2020 10:54 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے اپنے شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔ چینی وزرات خارجہ نے کہا ہے موجودہ صورت حال کا ذمہ دار امریکا ہے۔

امریکا اور چین میں تجارتی جنگ کے بعد سفارتی محاذ آرائی جاری ہے۔ امریکا کے بعد چین نے بھی جوابی اقدام کرتے ہوئے جنوبی مغربی شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کر نے کا حکم دے دیا۔ چین نے کہا ہے کہ یہ امریکا کے لیے ضروری جوابی کارروائی تھی۔

چینی وزرات خارجہ نے کہا ہے موجودہ صورت حال کا ذمہ دار امریکا ہے اور چین ایسا نہیں چاہتا ہے، چین نے یہ اقدام ہیوسٹن میں امریکا کی طرف سے چین کا قونصل خانہ بند کرنے کے بعد اٹھایا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی فیصلہ اس لیے لیا گیا کہ چین امریکا کی خفیہ معلومات چرا رہا تھا۔

ادھر امریکا میں تین چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا، ان پر ویزا فراڈ اور چینی افواج کے ساتھ وابستگی کا الزام ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی چوتھے چینی باشندے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ امریکی اہلکاروں نے مزید 25 چینی افراد سے پوچھ گچھ بھی کی ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی چین کی افواج کے ساتھ غیر اعلانیہ وابستگی ہے۔